ویب ڈیسک: معروف اداکارہ اور گلوکارہ سلمیٰ آغا نے بھارت میں رہائش اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی پاکستانی شہریت حاصل نہیں کی تھی۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمیٰ آغا نے بتایا کہ ان کا خاندان برطانیہ منتقل ہوگیا تھا اور اہلخانہ کے پاس برطانوی پاسپورٹس ہیں۔ ان کی والدہ اور نانی کا تعلق امرتسر، بھارت سے تھا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں صرف کام کیا اور وہاں گزارا وقت ان کی زندگی کا یادگار حصہ ہے۔ پاکستانی فنکاروں، ٹیکنیشنز اور ڈراموں سے بھی انہیں خاص محبت ہے۔
سلمیٰ آغا نے واضح کیا کہ ان کے پاس بھارتی شہریت بھی نہیں۔ ان کے پاس برطانوی پاسپورٹ اور بھارت میں رہائش کا کارڈ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور بھارت میں بھی پاکستانی ڈرامے پسند کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ سلمیٰ آغا نے 1980ء اور 1990ء کی دہائی میں پاکستانی فلمی صنعت میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی پہلی فلم ’نکاح‘ تھی۔ ان کی بیٹی زارا خان بھی بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ ہیں۔