وزیراطلاعات فواد چودھری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ای وی ایم سے متعلق بات کی گئی، الیکشن کمیشن ای وی ایم مشینوں سے متعلق ٹینڈر جاری کرے، نوازشریف اور آصف زرداری کے لیے ہوئے قرضوں کی قسطیں ادا کررہے ہیں . وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہر حلقے کی اپنی مینجمنٹ کرنی پڑتی ہے،مینجمنٹ ایشو کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں الیکشن ہارے ہیں، پی ٹی آئی کی ری پلیسمنٹ اگر جے یو آئی ہے تو پھر سوچنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی نہیں ہوگی تو کوئی قومی پارٹی نہیں ہوگی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی کوئی حیثیت نہیں ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں کو چاہیے کہ اپنے آپ کو منظم کریں. ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی گروتھ میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کے معاشی اشاریے مثبت ہیں، پاکستان کورونا ویکسی نیشن میں دیگر ممالک سے کافی آگے ہے، تمام فصلوں کی ریکارڈ پیدوار ہوئی ہے، 34ارب روپے آئی پی پیز کی پیمنٹ کی ہے، نوازشریف دور میں آئی پی پیز کے مہنگے منصوبے لگائے گئے، گاڑیوں کی پیداوار 5 لاکھ تک لے جانا چاہتے ہیں، آٹو سیکٹر کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہوا، پاکستان اس وقت 2 لاکھ 40 ہزار گاڑیاں بنا رہا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے. وفاقی وزیر فوادچودھری نے مزید کہا پرائیویٹ کاروباروں میں بھی اضافہ ہوا ہے ، صرف2سال میں کار مینوفیکچررز کی تعداد 5 سے بڑھ کر 15 ہو گئی ہے، بینکوں کی جانب سے 338 ارب روپے کار فنانسنگ میں دیا گیا ہے، رواں مالی سال کے پہلے5ماہ میں 1 لاکھ 11 ہزار 435 گاڑیاں بنیں،بجلی کے استعمال میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ڈیزل کا استعمال 26 فیصد بڑھ گیا، سندھ میں 20کلو آٹے کا تھیلا ساڑھے 1300روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ پورے ملک میں آٹے کا 20کلو کا تھیلا1100روپے کا ہے. فوادچودھری نے کہا الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 122 میں ترمیم کی اصولی منظوری دی ہے، یہ ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کی گئی ہے.