ریاست کسی بھی دہشتگرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی ، وزیراعظم

ریاست کسی بھی دہشتگرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی ، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف کا بنوں اور دیگر دہشتگردوں کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریاست کسی بھی دہشتگرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کی بیرونی سہولت کاری اور پناہ گاہوں کا بھی سدباب کریں گے، قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دہشتگردی کا خاتمہ کر کے رہے گی، شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے، ردالفساد اور ضرب عضب دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اہم اقدامات تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی قومی سلامتی کا حساس مسئلہ ہے کہ جس کے تدارک کے لئے اجتماعی سوچ اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے ، دہشتگردی کے ذریعے افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے، دہشتگردوں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ، مسلح افواج ، رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ، امن و امان کی بنیادی ذمہ داری صوبوں کی ہے اور وفاق آنکھیں بند نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگردی کیخلاف برسرِپیکار فورسز کے جذبے اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی صلاحیت اور استعدادکار میں اضافہ دہشتگردی کے خاتمے میں اہم ہے، وفاق صوبوں میں انسداد دہشتگردی فورس اور ڈپارٹمنٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیت بہتر بنانے میں معاونت کرے گا، خیبرپختونخوا کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی ازسرنو تشکیل پر کام کریں گے اور اپنی فورسز کی تمام ضروریات پوری کریں گے، فورسز کو جدید اسلحہ کی فراہمی اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ امن وامان کی بنیادی ذمہ داری صوبوں کی ہے لیکن وفاق ان مسائل پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا ، دہشتگردی کے مقابلے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرائیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔