ویب ڈیسک: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 82 رنز سے شکست دے کر 5 میچز کی ایشیز سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 352 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے زیک کرالی نے 85، جیمی اسمتھ نے 60 اور ول جیکس نے 47 رنز کی اہم اننگز کھیلیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے میچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 371 رنز بنائے تھے، جبکہ دوسری اننگز میں 349 رنز کا مجموعہ حاصل کیا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے، جو کہ اس کی ناکامی کی بڑی وجہ بنی۔
آسٹریلیا نے 5 ٹیسٹ میچز کی ایشیز سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا چوتھا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔