تہران (ویب ڈیسک) ایران میں 18 سال سے پھانسی کی سزا میں رحم کی اپیل منظور ہونے کے بعد قیدی رہائی کی خوشخبری سُن کر جان کی بازی ہار گیا۔ قیدی کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی جارہی ہے۔ 58 سالہ قیدی نے عدالت میں رحم کی اپیل دائر کر رکھی تھی جسے بار بار مسترد کرنے کے بعد مقتول کے لواحقین نے بالآخر منظور کرلی جس پر عدالت نے قیدی کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ 18 سال سے غیر یقینی صورت حال کے شکار قیدی کو جب رہائی کی خوشخبری ملی تو اسے اپنے کانوں پر یقین نہیں آیا اور جذبات سے زار و قطار رونے لگا۔ اسی دوران قیدی کے سینے میں شدید تکلیف ہوئی اور اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں بتایا گیا کہ قیدی کی موت ہو چکی ہے۔