ویب ڈیسک: وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو کسی بھی قسم کی ڈیل کی پیشکش سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو نہ کوئی ڈیل کی پیشکش کی گئی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی معاملہ زیرِ غور ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات اور سزاؤں کا فیصلہ عدالتیں کریں گی، جیسا کہ ماضی میں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے معاملات میں ہوا۔
رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیل مسترد کرنے کے بیان کی بھی وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ڈیل نہ لینے کی بات 24 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں کی تھی، جسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیرِاطلاعات عطا تارڑ بھی عمران خان سے متعلق ڈیل کی خبروں کی پہلے ہی سختی سے تردید کر چکے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومتی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پارٹی نے کوئی ڈیل کی ہوتی تو کیا ڈی چوک میں کارکنوں پر تشدد ہوتا؟ ان کا کہنا تھا کہ بعض حکومتی وزرا ڈیل سے متعلق بیانات دے کر خود کو نمایاں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے ملاقات کے حوالے سے بھی کوئی پیشکش نہیں کی جا رہی۔ ان کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو مذاکرات سے روک رکھا ہے اور مذاکرات کے بارے میں حتمی فیصلہ محمود خان اچکزئی کریں گے۔