ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے صوبہ پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کو جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک کی روک تھام سے متعلق ایک کھلا خط لکھ دیا۔
اداکارہ نے یہ خط اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔ خط کے آغاز میں انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی صفائی، عوامی تحفظ اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات کو سراہا، تاہم ساتھ ہی ایک اہم مسئلے کی جانب توجہ دلائی جو ان کے بقول حکام کی سنجیدہ توجہ کا منتظر ہے، اور وہ ہے جانوروں کے ساتھ بدسلوکی۔
خط میں ایک حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے اشنا شاہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک ویڈیو دیکھی جس میں ایک کتے کو گاڑی کے ساتھ باندھ کر پنجاب کی مرکزی سڑک پر گھسیٹا جا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کے تبصروں میں بعض افراد وزیرِ اعلیٰ کو موردِ الزام ٹھہرا رہے تھے۔ اداکارہ کے مطابق چاہے یہ تاثر درست ہو یا نہیں، لیکن جانوروں پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات اور مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث ایسا تاثر جنم لے رہا ہے۔
انہوں نے خط میں دیگر واقعات کی بھی نشاندہی کی، جن میں منظم کتوں کی لڑائیاں، گدھوں پر تشدد اور بازاروں میں جانوروں کے ساتھ بدسلوکی جیسے اقدامات شامل ہیں۔
اشنا شاہ نے اس مسئلے کے حل کے لیے چند تجاویز بھی پیش کیں، جن میں جانوروں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد، جنگلی جانوروں کو پالتو بنانے پر پابندی اور صوبہ بھر میں آگاہی پروگرامز کا انعقاد شامل ہے۔
خط کے اختتام پر اداکارہ نے لکھا کہ اگر جانوروں کے ساتھ ہمدردی اور رحم کا عملی مظاہرہ کیا جائے، جیسا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات میں زور دیا گیا ہے، تو نہ صرف پنجاب بلکہ پورا ملک اس سے مثبت مثال قائم کر سکتا ہے، اور دیگر صوبے بھی اس کی پیروی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے عوام کے دل بھی جیتے جا سکتے ہیں۔