ویب ڈیسک: کراچی میں آتشزدگی کا شکار ہونے والے گل پلازہ سے متصل عمارت رمپا پلازہ کے ستون بھی شدید متاثر ہو گئے ہیں، جس کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے عمارت کو غیر محفوظ قرار دے دیا ہے۔
حکام کے مطابق گل پلازہ میں تیسرے درجے کی شدید آتشزدگی کے باعث رمپا پلازہ کے متعدد ستون بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ صورتحال کے پیشِ نظر رمپا پلازہ کی انتظامیہ اور دکان مالکان کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے رمپا پلازہ کے خطرناک قرار دیے گئے حصوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ کسی بھی غیر اجازت شدہ سرگرمی کی صورت میں سخت کارروائی کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔
ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ عمارت میں خلافِ ضابطہ سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہفتے کی شب گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 74 افراد کے لاپتا ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے، مجموعی طور پر 81 افراد تاحال لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔