ویب ڈیسک: شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار راشد محمود نے طبیعت ناساز ہونے پر مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کر دی ہے۔
سینئر اداکار راشد محمود، جو شاہین، کاجل گھر، اندھیرا اُجالا، مرزا غالب، ریاست، محبت روٹھ جائے تو سمیت متعدد کلاسک ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے باعث پہچانے جاتے ہیں، زیادہ تر منفی کرداروں میں اپنی مضبوط اداکاری کے لیے مشہور ہیں۔
حال ہی میں راشد محمود نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے اپنی بیماری اور صحت کی موجودہ صورتحال سے مداحوں کو آگاہ کیا۔ ویڈیو میں اداکار نے مداحوں سے اپنی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔
راشد محمود کے مطابق وہ گزشتہ بیس دنوں سے بستر تک محدود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی دل کے مریض ہیں اور حالیہ دنوں میں انہیں ریڑھ کی ہڈی کے مہروں (ورٹیبرا) سے متعلق مسائل کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد مختلف مراحل میں علاج کرایا گیا۔ اداکار کے مطابق انہیں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ بھی لے جایا گیا جہاں ضروری طبی معائنہ اور ٹیسٹ کیے گئے۔
سینئر اداکار نے کہا کہ علاج کے بعد اب وہ کچھ حد تک چلنے کے قابل ہوئے ہیں، تاہم مکمل صحت یابی میں وقت درکار ہے۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ ان کی صحت کے لیے دعا کریں تاکہ وہ دوبارہ کام کے قابل ہو سکیں۔