ویب ڈیسک: معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کی مبینہ نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزمہ آمنہ عروج کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ضمانت کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے آمنہ عروج کی ضمانت بعد از گرفتاری تین لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ ملزمہ نے اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کی تھی، جس پر قانونی نکات کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا گیا۔
عدالت میں بتایا گیا کہ آمنہ عروج کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مبینہ طور پر نازیباویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ مقررہ مچلکوں کے ساتھ ضمانت پر رہا کی جائے، اور کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ کو ہو گی۔
یاد رہے کہ جولائی میں آمنہ عروج نے خلیل الرحمان قمر کو ڈرامہ بنانے کا جھانسہ دے کر اپنے گھر بلایا تھا، جہاں 7 سے 8 مسلح افراد نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور لاکھوں روپے کی نقدی، موبائل، پرس اور قیمتی سامان چھین لیا تھا۔ اس دوران خلیل الرحمان کو ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا اور انہیں گن پوائنٹ پر اے ٹی ایم سے پیسے نکلوائے گئے تھے۔