(ویب ڈیسک ) سینیٹ میں سوشل میڈیا صارفین کے لیے کم از کم عمر کی حد مقرر کرنے سے متعلق بِل پیش کر دیا گیا ہے۔
بِل کے مطابق، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے صارف کی کم از کم عمر 16 سال ہونی چاہیے۔ کسی بھی پلیٹ فارم کو اس بات کا پابند بنایا جائے گا کہ وہ 16 سال سے کم عمر افراد کو اکاؤنٹ بنانے کی اجازت نہ دے۔
اگر کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے کم عمر فرد کو اکاؤنٹ بنانے کی اجازت دی، تو اسے 50 ہزار سے لے کر 50 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔
اسی طرح اگر کوئی فرد کسی کم عمر بچے کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے میں سہولت فراہم کرے گا، تو اس پر بھی 6 ماہ تک قید اور 50 ہزار سے 50 لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
بِل میں مزید تجویز دی گئی ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرے گی جو کم عمر افراد کے نام پر ہوں، اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات کرے گی تاکہ کم عمر بچے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس نہ بنا سکیں۔