ویب ڈیسک: حکومت پنجاب نے طلبہ کے لیے ای بائیک اسکیم 2026 متعارف کرا دی، جس کے تحت اہل طلبہ صرف 15 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ اور تقریباً 2 ہزار روپے ماہانہ بلا سود اقساط پر ذاتی الیکٹرک بائیک حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عارف والا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکیم کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہر تحصیل میں نواز شریف اسکولز آف ایمیننس، سرکاری اسکولوں کی جدید کاری اور پنجاب بھر میں اے آئی لیبارٹریز کے قیام سمیت متعدد تعلیمی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
عمر کم از کم 18 سال ہو۔
پنجاب کا مستقل ڈومیسائل رکھتا ہو۔
ایچ ای سی سے تسلیم شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی کا باقاعدہ طالب علم ہو۔
موٹر سائیکل کا ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ رکھتا ہو۔
درخواست گزار کے نام پر پہلے سے کوئی رجسٹرڈ موٹر سائیکل یا گاڑی نہ ہو۔
حکومت کے مطابق ہر خاندان سے صرف ایک اہل فرد کو ای بائیک فراہم کی جائے گی، جبکہ درخواستیں مقررہ تعداد سے زیادہ ہونے کی صورت میں شفاف ای بیلٹنگ کے ذریعے کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
درخواست کیسے دیں؟
درخواستیں صرف آن لائن سرکاری پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی، جہاں امیدوار رجسٹریشن کے بعد فارم پُر کرکے مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے۔ بعد ازاں درخواست کی جانچ اور ای بیلٹنگ کے نتائج بھی اسی پورٹل پر جاری کیے جائیں گے۔
درخواست کے لیے قومی شناختی کارڈ یا ب فارم، پنجاب ڈومیسائل، طالب علمی کا ثبوت، ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات درکار ہوں گی۔
حکومت نے طلبہ کو خبردار کیا ہے کہ درخواست کے لیے کسی غیر سرکاری ویب سائٹ یا ایجنٹ پر انحصار نہ کریں اور صرف سرکاری پورٹل سے ہی معلومات اور اپ ڈیٹس حاصل کریں۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ اس اسکیم کے تحت طالبات کو مفت ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ طلبہ کو بلاسود آسان اقساط پر ای بائیکس دی جائیں گی۔