ویب ڈیسک: حکومت پنجاب نے محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔پنجاب بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ ہوگی۔ تاہم محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کوئی نئی اختراع نہیں ہو گی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی ہوگی۔ عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس سے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات اور تبصروں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔ جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر پابندی ہوگی۔ بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا۔محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کے احکامات جاری کر دیے ۔