ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا حکومت، گلگت بلتستان حکومت، پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے باہمی تعاون سے شندور پولو فیسٹیول 2025 کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ پر منعقد ہونے والا یہ ایونٹ 20 سے 22 جون تک جاری رہے گا، جو سطحِ سمندر سے بارہ ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔
افتتاحی تقریب میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے آئے ہزاروں سیاحوں اور پولو شائقین نے شرکت کی۔ پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز نے پیراشوٹ جمپ کے ذریعے میدان میں اتر کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی، جبکہ آرمی اسکول آف فزیکل ٹریننگ کے پیراگلائیڈرز نے بھی شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
پولو فیسٹیول کے پہلے روز چترال اور غذر (گلگت بلتستان) کی ٹیموں کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا گیا، جس میں چترال نے غذر کو 6-3 گول سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔
شندور فیسٹیول نہ صرف کھیلوں کا مظہر ہے بلکہ یہ ثقافتی تبادلے، سیاحت کے فروغ اور قومی یکجہتی کی علامت بن چکا ہے۔