پبلک نیوز: لاپتہ افراد کے نام پر ملک کو بدنام کرنے کی سازش بھی بے نقاب، دہشتگرد تنظیم بی ایل اے(BLA) کے دہشتگردوں نے ” گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس“ پر بزدلانہ حملہ کیا۔
تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملے کی کوشش کو ناکام بنایا،فائرنگ کے تبا دلے میں 8 دہشتگرد جہنم واصل جبکہ سیکیورٹی فورسز کے دو جوان شہید ہوئے اور ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس حملے میں کالعدم تنظیم ”بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد(BSO)“ کے دہشتگرد کی ملوث ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔
بی ایس او آزاد(BSO) کے مطابق دہشتگرد کریم جان ولد فضل بلوچ تربت کا رہائشی تھا جو 25مئی 2022کو لا پتہ ہو گیا تھا،وہی دہشت گرد کریم جان کل گوادر حملہ میں دہشت گردی کرتے ہُوئے مارا گیا ۔
اس سے قبل بھی دہشتگرد امتیاز احمد ولدرضا محمد بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل تھا جو سیکیورٹی فورسز کی کاروائی میں مارا گیا ۔
عبدالودود ساتکزئی جس کی بہن 12اگست2021سے بھائی کی گمشدگی کا راگ الاپ رہی تھی مچھ حملے میں مارا گیا، لاپتہ افراد کے نام پر سیاست کرنے والے عناصر بیرونی قوتوں کی ایماء پر ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلا رہے ہیں۔
بلوچستان کی کالعد م تنظیمیں معصوم بلوچ نوجوانوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا رہی ہیں، لاپتہ اور جبری گمشدگیوں کے واقعات حقیقت پر مبنی نہیں جن کی اصل حقیقت دہشتگرد کریم جان، دہشتگرد امتیاز احمد اور دہشتگرد عبدالودود جیسی ہے جبکہ ملک دشمن عناصر کو اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے بلوچستان میں معاشی ترقی کے عمل اور امن و استحکام کی کوششوں کو ثبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔