ویب سائٹ: کراچی اور لاہور میں یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر مرکزی جلوسوں کا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 22 مارچ 21 رمضان المبارک کو مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہو گی جبکہ مجلس کے اختتام کے بعد جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔
پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک عام ٹریفک کے لیے بند کردی جائے گی، متبادل راستوں پر رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات ہوں گے، جلوس نشتر پارک سے نمائش، ایم اے جناح روڈ، سی بریز سے صدر ایمپریس مارکیٹ پہنچے گا۔
جلوس صدر ریگل سے گزرتے ہوئے تبت سینٹر پر ایک بار پھر ایم اے جناح روڈ پر آئے گا جبکہ جلوس ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ سے کھارادر حسینیہ امام بارگاہ پر اختتام کو پہنچے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد سے آنے والے افراد لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن سے اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں، لیاقت آباد سے تین ہٹی سے لسبیلہ چوک اور بائیں جانب ٹرن کر کے سینٹرل جیل کی جانب جا سکتے ہیں۔
حسن اسکوائر سے پی پی چورنگی جانے والی ٹریفک کو کشمیر روڈ سے سوسائٹی لائٹ سگنل کی طرف بھیجا جائے گا، ٹریفک کو جیل فلائی اوور سے تین ہٹی سے نشتر روڈ (لسبیلہ چوک) کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
شاہراہ قائد سے نمائش جانے والے والی ٹریفک سوسائٹی لائٹ سگنل سے دائیں جانب کشمیر روڈ کا راستہ اختیار کرے گی، جمشید روڈ سے گرومندر کی جانب جانے والے بہاردر یار جنگ روڈ سولجر بازار سے اپنی منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔
لاہور کا ٹریفک پلان:
سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے یوم شہادت حضرت علیؓ21 رمضان المبارک کا ٹریفک پلان جاری کر دیا۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹراطہر وحید کے مطابق ضریح جلوس مبارک حویلی اندرون اکبری گیٹ سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
سی ٹی او نے ایمبولینسوں اور ایمرجنسی گاڑیوں کےلئے فوری راستہ کلئیر رکھنے کی ہدایت کردی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کو متبادل راستوں پر ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ مرکزی جلوس کے شرکاء کی گاڑیوں کیلئے 08 پارکنگ مقامات مختص کیے گئے ہیں۔پارکنگ دہلی دروازہ، پارکنگ اڈا کراؤن پلازہ، پارکنگ موچی باغ مختص، ڈی پلازہ نزد رنگ محل، پارکنگ سینٹرل ماڈل ہائی سکول مختص ہے۔ اس کے علاوہ داتا دربار آئی ہسپتال، پارکنگ دفتر ڈپٹی کمشنر آفس اور گریٹر اقبال پارک میں گاڑیاں پارک کی جاسکیں گی۔
سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ ایس پی سول لائنز شفقت رشید ٹریفک انتظامات کی مکمل نگرانی کریں گے۔2 ایس پیز ، 5 ڈی ایس پیز، 90 انسپکٹرز اور 477 وارڈنز کے ساتھ ساتھ لیڈی وارڈنز بھی تعینات ہونگی۔09 فوک لفٹرز، 02 بریک ڈاؤنز بھی فیلڈ میں ہمہ وقت موجود ھونگے۔
ٹریفک وارڈنز کو ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ مشکو ک افراد، لاوارث اشیاء پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سی ٹی او لاہو ر کا کہنا تھا کہ آزادی فلائی اوور سے تمام ٹریفک کو ریلوے اسٹیشن کی جانب بھجوایا جائےگا۔ آزادی فلائی اوور سے جانب بھاٹی چوک سڑک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ھوگی۔مال روڈ،سیکرٹریٹ سے آنے والی ٹریفک کو کچہری چوک سے جانب آؤٹ فال روڈ سگیاں ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ سرکلر روڈ کی طرف سے آنیوالی ٹریفک کوشاہ عالم چوک سے جانب میو اسپتال،اردو بازار بھجوایا جائے گا۔ موری گیٹ سے بھاٹی چوک سڑک مکمل طور پر بند ہوگی۔کچہری چوک سے جانب کربلا گامے شاہ لوئر مال روڈ ٹریفک کیلئے بند ہوگی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق پانی والا تالاب کی جانب سے رنگ محل ٹریفک کے لئے سڑک بند ہوگی۔ چوک میلاد سے اندرون دہلی گیٹ جانب مسجد وزیر خان سڑک بند ہوگی۔ مستی گیٹ، ٹرن شاہی قلعہ اور علی پارک سے جانب ٹیکسالی سڑک بند ہوگی۔شہری ٹریفک انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک وارڈنز کےساتھ تعاون کریں۔ شہری راہنمائی اور سہولت کیلئے ہیلپ لائن 15 پر کال کرسکتے ہیں۔ریڈیو FM88.6 اور راستہ ایپ سے بھی ٹریفک کی صورتحال سے آگاہ رکھا جائےگا۔