ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے ’بھائی جان‘ سلمان خان نے عید کے موقع پر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ کے باہر جمع ہونے والے مداحوں سے روایتی انداز میں ملاقات کی۔
اس موقع کو اور بھی خاص بنانے والی بات یہ تھی کہ سلمان کے والد، معروف رائٹر سلیم خان جو ایک ماہ اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد حال ہی میں ڈسچارج ہوئے، پہلی بار عوام کے سامنے آئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے اہلِ خانہ کے ساتھ مداحوں کو خوش آمدید کہا، ہاتھ ہلایا، سلام کیا اور محبت پر شکریہ ادا کیا۔ سلیم خان بھی مداحوں کو ہاتھ ہلا کر خوش آمدید کہنے کے لیے موجود تھے۔
بعد ازاں سلمان خان کا پورا خاندان، جس میں سہیل خان، والدہ سلمیٰ خان، بھتیجی آیت اور دیگر افراد شامل تھے، کھڑکی پر آئے اور مداحوں کو مبارکباد دی، ساتھ ہی پاپارازی کے لیے پوز بھی دیا۔
سلمان خان نے یہ لمحے انسٹاگرام پر بھی شیئر کیے اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا:
"عید مبارک، آپ کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔ والد صاحب گھر واپس آ گئے ہیں، شکریہ۔"