(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن پر اسلام آباد جی سیون میں اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے نکلے تو خواجہ سراوں نے ان پر چاقو سے قاتلانہ حملہ کیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کی جاچکی ہے، پی ٹی آئی رہنماوں کا بھی اہم موقف آیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق اسد قیصر نے ’ ایکس ‘ پر ٹویٹ کرتے لکھا’ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری انفارمیشن رؤف حسن پر نا معلوم افراد کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ ملک میں اس وقت تحریک انصاف اور شہریوں کے خلاف تشدد اور جعلی ایف آئی آرز کے ساتھ پاکستان بدترین فسطائیت کی طرف جا رہا ہے۔
مزید لکھا کہ ’ جب ریاست اخلاقی اختیار کھو دیتی ہے تو وہ تشدد پر اتر آتی ہے۔ رؤف حسن پر تشدد کے واقعے میں ملوث نامعلوم افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانونی کاروائی کی جائے۔

بیرسٹرعلی سیف نے ٹویٹ کرتے لکھا ’اسلام آبادجیسےمحفوظ شہرمیں پی ٹی آئی رہنما روف حسن پر قاتلانہ حملہ ایک بزدلانہ فعل ہے۔جسکی جتنی بھی مذمت کی جائےکم ہے۔یہ وفاقی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہےوفاقی حکومت رؤف حسن پر حملےمیں ملوث افرادکوجلدگرفتار کرکےقرار واقعی سزا دے۔ہم رؤف حسن کی جلد صحت یابی کے لئےدعاگوہیں۔

شیرافضل مروت نے ٹویٹ کرتے کہا ’ وہ اپنے بھائی اور تحریک انصاف کےسیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم حملہ آوروں کے حملے پر شدید غم و غصہ میں ہیں،یہ افسوسناک فعل ناقابل قبول ہے،وہ رؤف حسن کی بھرپور حمایت کرتے ہیں،یہ ضروری ہے کہ مجرموں کی فوری نشاندہی کی جائے اور ان کا احتساب کیا جائے۔

علاوہ ازیں سوشل میڈیا ’ایکس ‘ پر بنے پاکستان تحریک انصاف کے پیج پر حملے کی ویڈیو شیئر کی گئی، کیپشن میں ہیش ٹیگ استعمال کرتے لکھا گیا ’ حملہ کرنے والےنامعلوم خواجہ سرا کے ساتھ ویڈیو بنانے والا نامعلوم کس کی ہدایات پر عمل کررہے تھے؟
— Tehreek-e-Insaf (@InsafPK) May 21, 2024