بھارت خطرناک بحری تیاریوں میں مصروف ہے،اقوام متحدہ میں پاکستان کا انتباہ

بھارت خطرناک بحری تیاریوں میں مصروف ہے،اقوام متحدہ میں پاکستان کا انتباہ
کیپشن: بھارت خطرناک بحری تیاریوں میں مصروف ہے،اقوام متحدہ میں پاکستان کا انتباہ

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے خبردار کیا ہے کہ بھارت خطے میں اپنی بحری قوت میں خطرناک حد تک اضافہ کر رہا ہے، جو جنوبی ایشیا کے امن اور استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کر سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بحری سلامتی پر ہونے والی ایک اہم بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے کہا کہ ایک بڑی طاقت، جس کا اشارہ بھارت کی طرف تھا، خطے میں غیر محدود تسلط کی خواہاں ہے۔ وہ بحری حدود میں توسیع اور اہم آبی گزرگاہوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

سفیر عاصم افتخار نے مزید کہا کہ بھارت اپنی توسیع پسند پالیسیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے پڑوسی ممالک کو علاقائی بحری سیکیورٹی کے ڈھانچوں سے جان بوجھ کر باہر رکھ رہا ہے، جو خطے میں عدم توازن کا باعث بن رہا ہے۔

انہوں نے دریاؤں پر بھارت کے رویے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت آبی وسائل کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جو نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ آبی تعاون کے اصولوں کے بھی منافی ہے۔

پاکستانی سفیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا نوٹس لے اور خطے میں امن، استحکام اور قانون کی بالادستی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

Watch Live Public News