ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند رکھنے کے فیصلے میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں کیا گیا، جس کے بعد پاکستان نے 24 اپریل کو ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے بھارتی پروازوں پر فضائی پابندی عائد کی تھی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بندش کے نتیجے میں بھارتی ایئر لائنز کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اندازوں کے مطابق صرف ایک ماہ میں بھارتی فضائی کمپنیوں کو تقریباً 8 ارب روپے کا مجموعی نقصان ہوا۔
اس رقم میں سے 5 ارب روپے صرف اضافی ایندھن پر خرچ ہوئے، جب کہ طویل دورانیے کی پروازوں کے لیے اسٹاپ اوورز کی صورت میں مزید 3 ارب روپے کے اخراجات برداشت کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق، حالیہ فیصلے کے تحت بھارتی پروازوں پر پابندی آئندہ ایک ماہ تک برقرار رہے گی، جس کے بعد صورتحال کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔