بھارت کی جارحیت بے نقاب، پاکستان کا امن پسند مؤقف عالمی سطح پر اجاگر

بھارت کی جارحیت بے نقاب، پاکستان کا امن پسند مؤقف عالمی سطح پر اجاگر
کیپشن: بھارت کی جارحیت بے نقاب، پاکستان کا امن پسند مؤقف عالمی سطح پر اجاگر

ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائم سفارتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں بھارت کے خلاف بین الاقوامی سطح پر مضبوط سفارتی مؤقف اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزارت خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورت حال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس میں پاکستان کے پرامن، ترقی پسند اور دفاعی مؤقف کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں پیش کرنے کے عزم کو دہرایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحانہ پالیسیوں کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ امن، استحکام اور خوشحالی کے اصولوں کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے بہانے جارحیت کی روش اپنانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

بلاول بھٹو نے اس بات کی یاد دہانی کروائی کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی و مالی نقصان برداشت کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کو پانی کو دباؤ ڈالنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر مصدق ملک 

اجلاس میں وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور ثبوت کے بغیر کی گئی کارروائیوں کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی علاقائی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی غیر متوازن مذاکراتی فریم ورک کو تسلیم نہیں کرے گا۔

خرم دستگیر نے کہا کہ بھارت کی مسلسل اشتعال انگیزی خطے میں امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے باور کروایا کہ کشمیر کا دیرینہ مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی کمیٹی کا مقصد عالمی سطح پر بھارت کی جارحانہ حکمت عملی کو بے نقاب کرنا ہے۔

 فیصل سبزواری 

 فیصل سبزواری نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے حملوں کے باوجود بردباری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے، اور عالمی سطح پر اپنا مؤقف شواہد کے ساتھ پیش کر رہا ہے۔

اجلاس کا انعقاد وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا، جس کا مقصد بھارت کے خلاف مؤثر سفارتی اقدامات کے ذریعے پاکستان کے مؤقف کو بین الاقوامی حمایت فراہم کرنا ہے۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں یہ کمیٹی عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو مضبوط اور دلائل پر مبنی انداز میں پیش کرنے کے لیے متحرک ہے۔

Watch Live Public News