ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کا ایک سسٹم بننے کا امکان ہے، جو آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران واضح شکل اختیار کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سسٹم شمال کی سمت بڑھ سکتا ہے اور اپنی شدت میں اضافہ بھی کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 36 گھنٹوں میں یہ موسمی سسٹم "ڈپریشن" میں تبدیل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔

حکام نے ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہی گیروں، مسافروں اور سمندری سفر سے جڑے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔