ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے ایک قرارداد منظور کرلی ہے، جس میں وفاقی کابینہ کے اقدام کو بروقت اور درست قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ قرارداد آئی پی پی کے رکن اسمبلی شعیب صدیقی کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پاک بھارت جنگ میں جرات مندانہ قیادت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملکی دفاع کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ "ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا اور بھارت جیسے مکار دشمن کو شکست دینا پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔" ساتھ ہی کہا گیا کہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینا بر وقت اور درست فیصلہ ہے، پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وفاقی کابینہ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کرتا ہے،یہ ایوان وطن کی حفاظت میں شہید ہونے والوں اور غازیوں کی عظمت کو سلام پیش کرتاہے، آپریشن بنیان مرصوص میں گرانقدر خدمات سرانجام دینے والوں کی خدمات کو بھی سراہتے ہیں۔
قرارداد میں اعلی سرکاری ایوارڈز کیلئے نامزد ہونے والوں کو بھی بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
ایوان نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کو فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی ملنا پاکستان کے لئے دوررس نتائج کا حامل ہے۔ قرارداد میں پنجاب اسمبلی نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو نیا عہدہ تفویض ہونے پر دلی مبارکباد دی۔
آخر میں قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے اور دعا کی گئی کہ "اللہ تعالیٰ پاکستان کو اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ رکھے۔ آمین۔"