ویب ڈیسک: بلوچستان کے شہر خضدار میں بچوں کو اسکول لے جانے والی ایک بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید اور 38 شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلا ت کے مطابق افسوس ناک واقعہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر پیش آیا، جہاں ایک اسکول وین معمول کے مطابق بچوں کو لے جا رہی تھی کہ اچانک زوردار دھماکے نے قیامت صغریٰ کا منظر پیش کردیا۔
جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ حملہ خودکش نوعیت کا تھا، جس میں حملہ آور نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوع پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ کچھ بچوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پولیس اور سکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور دہشت گرد کے سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدرمملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی جانب سے اسکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے 3 معصوم بچوں سمیت 5 افراد کی شہادت پر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اسکول جانے والے معصوم بچوں پر حملے انسانیت سوز اور گھناؤنا جرم ہے،بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردوں کی حمایت میں ملوث ہے،بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کا مکمل طور پر قلع قمع کریں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی حمایت سے ہونے والی دہشتگردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے،بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں کیلئے دہشتگردوں کو سپورٹ فراہم کررہا ہے،دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے،صدر مملکت کی جانبحق افراد کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا۔
وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے خضدار میں اسکول بس پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگرد حملے میں معصوم بچوں اور انکے اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار، ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے میں زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کے ہدایت بھی کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہبھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کا اسکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ انکی بلوچستان میں تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے. دہشتگردوں نے اسکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کیں.بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے.بھارتی حمایت یافتہ ان دھشتگردوں کے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی.
وزیرِ اعظم نے مزیدکہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل، ننھے و معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے ان دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا.مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں دہشتگردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے ان معصوم بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں. سیکیورٹی فورسز اور حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم اور متحد ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ دشمن نے بربریت کا مظاہرہ کر کے معصوم بچوں پر حملہ کیا، سکول بس پر حملہ دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق بچوں کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
شازیہ مری
مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے خضدار حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خضدار میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانا کھلی جارحیت اور بدترین دہشتگردی ہے،معصوم بچوں پر حملہ کرکے ایک بار پھر سانحہ اے پی ایس دہراہا گیا ہے،بھارت کی پراکسی بزدل دشمن نے ایک بار پھر معصوم بچوں کا نشانہ بنایا ہے،پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،اللہ عزوجل معصوم شہیدوں کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو صحت کاملہ دے اور غم کی اس گھڑی شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ زخم پوری قوم کا ہے۔
سید نیر بخاری
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹینز سید نیر بخاری نے خضدار میں سکول بس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردی حملے کے نتیجے میں 5 بچوں کی شہادت پر دلی دکھ افسوس کا اظہارکیا اور کہا کہ انسانیت دشمنوں کے منصوبہ سازوں کو ڈھونڈ نکال کر عبرت کا نشان بنایا جائے،شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر شریک ہیں۔