وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کادورہ کوئٹہ ، زخمی بچوں کی عیادت کی

وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل عاصم منیر کادورہ کوئٹہ ، زخمی بچوں کی عیادت کی

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور حملے میں زخمی بچوں کی عیادت کی۔

خضدار میں دہشت گردوں کی جانب سے سکول بس پر بزدلانہ حملہ، وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی، وزیر اعلی بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ نے وزیراعظم کو حملے سے متعلق بریف کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خضدار میں اسکول وین پر دہشتگرد حملہ میں  3 بچے اور 2 جوان شہید ہوئے جبکہ   39 بچے زخمی ہیں۔ خضدار حملے کے 8 بچے تشویشناک حالت میں ہیں۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ دہشتگردی کی یہ بزدلانہ واردات بھارت کے ایجنٹوں کی کارستانی ہے، بھارت کے ریاستی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندستان دہشتگرد حملے کے ذمہ دار ہیں۔

وزیراعظم، وزراء اورفیلڈ مارشل  نے زخمی بچوں کو دیکھ کر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  دشمن کا ہتھیار بننے والے دہشتگرد بلوچ و پشتون عوام کی اقدار پر داغ ہیں، بھارت دہشتگردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کر رہا ہے، عالمی برادری نوٹس لے،بھارتی چالاکی بے نقاب، خود کو مظلوم ظاہر کر کے اصل مجرم چھپا رہا ہے۔ پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی پراکسیز بچوں کو نشانہ بنا کر انتہا درجے کی بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، سیکیورٹی ادارے خضدار حملے کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

وزیراعظم و فیلڈ مارشل نے کہا کہ  دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کو ایک بار پھر مضبوط ارادہ دکھانا ہوگا۔

Watch Live Public News