سعودی ولی عہد کا تمام ممالک سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ

سعودی ولی عہد کا تمام ممالک سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ
ریاض : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تمام ممالک سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کا مطالبہ کردیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے برِکس اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی غزہ پٹی سے جبری بے دخلی ناقابل قبول ہے، 1967ء کی تعین کردہ حد بندی کی بنیاد پر خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ سعودی ولی عہد نے مطالبہ کیا کہ غزہ پر حملے روکنے کیلئے تمام ممالک اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی بند کریں ۔شہزادہ محمدن بن سلمان نے غزہ پٹی پر اسرائیلی وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں فوری طور پر انسانی امداد پہنچانی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی غزہ پٹی سے جبری بیدخلی ناقابل قبول ہے، مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے جامع امن مذاکرات کی شروعات ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے مزید کہا کہ اسرائیل غزہ پٹی میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکے، سعودی عرب نے کشیدگی کے اول روز سے نہتے شہریوں کے تحفظ کی یقین دہانی کی تاکید کی تھی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔