(ویب ڈیسک ) توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر توشہ خانہ ٹو کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی ، بشری بی بی کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی ۔
وکیل سلمان صدر نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی میڈیکل چیک اپ رپورٹ بھی حاضری سے استثنی کی درخواست کے ساتھ منسلک ہے۔
ایف ائی اے پراسیکیوٹر کی جانب سے بشری بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔ ایف آئی اے پراسیکوٹر نے کہا کہ فرد جرم کو تاخیر کا شکار کرنے کے لیے حاضری سے استثنی کی درخواستیں دی جا رہی ہیں ۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں گواہوں کے بیان نیب قانون کے تحت ریکارڈ ہوئے۔ توشہ خانہ ٹو کیس ایف آئی اے کو ٹرانسفر ہو چکا ہے اور اب ضابطہ فوجداری قانون کے تحت چل رہا ہے۔کیس ایف آئی اے کو ٹرانسفر ہونے کے بعد ضابطہ فوجداری قانون کے لوازمات پورے نہیں کیے گئے۔
سلمان صفدر نے توشہ خانہ ٹو کیس کاریکارڈ فراہمی کی تحریری درخواست بھی عدالت میں جمع کرا دی۔
بعد ازاں عدالت نے بشری بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔