ویب ڈیسک: یورپی یونین نے پاکستان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ افغانستان میں موجود طالبان اور کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی ( فتنۃ الخوارج) خطے میں دہشتگردانہ سرگرمیوں کے ذمہ دار ہیں۔
یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے کہا کہ پاکستان کا افغانستان سے ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ جائز اور حقیقی سیکیورٹی تشویش کی بنیاد پر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یورپی یونین دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے اور پاکستان کے خدشات سرحد پار سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی خطرات پر مبنی ہیں۔
سفیر کاروبلس نے مزید کہا کہ افغانستان میں موجود عسکریت پسند حالیہ برسوں میں پاکستان میں ہونے والے حملوں میں ملوث ہیں، اور پاکستان نے مؤقف منوانے کے لیے دلائل اور شواہد پیش کیے۔
ان شواہد کی روشنی میں یورپی یونین نے تسلیم کیا کہ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان افغانستان سے فعال ہیں اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
پاکستان کی سرحدی سلامتی اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات کی توثیق عالمی سطح پر ایک شاندار کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ یورپی یونین کی یہ حمایت نہ صرف پاکستان کے مؤقف کو مضبوط کرتی ہے بلکہ عالمی برادری کے سامنے طالبان اور فتنہ الخوارج کے مکروہ چہرے کو بےنقاب بھی کرتی ہے۔