کلاؤڈ سروسز میں خرابی کے باعث سینکڑوں ویب سائٹس بند ہونے پر ایمیزون کی وضاحت

کلاؤڈ سروسز میں خرابی کے باعث سینکڑوں ویب سائٹس بند ہونے پر ایمیزون کی وضاحت
کیپشن: ایمیزون کی کلاؤڈ سروسز میں تکنیکی خرابی سے سینکڑوں ویب سائٹس اچانک بند

ویب ڈیسک: دنیا کی سب سے بڑی کلاؤڈ کمپیوٹنگ کمپنی ایمیزون ویب سروسز کو ایک بڑی تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے دنیا بھر میں سینکڑوں ویب سائٹس اچانک بند ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خرابی ایمیزون ویب سروسز کے اندرونی نظام میں پیش آئی جو نیٹ ورک لوڈ بیلنسنگ سسٹم کی نگرانی کرتا ہے۔ تاہم، خرابی نے سینکڑوں آن لائن سروسزکو متاثر کیا، بشمول ای کامرس اور گیمنگ پلیٹ فارم ۔

انٹرنیٹ کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ DownDetector کے مطابق اس بندش سے دنیا بھر میں 1000 سے زائد کمپنیاں متاثر ہوئیں۔ امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کے لاکھوں صارفین نے سروس بند ہونے کی شکایات درج کرائیں۔

دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بھی اس بڑی تکنیکی خرابی کی وجہ سے مشکلات اور سروس میں رکاوٹوں کی اطلاع دی۔

ٹیک ماہرین نے Amazon Web Services (AWS) میں حالیہ بندش کو تاریخ کی سب سے بڑی تکنیکی خرابی قرار دیا ہے جس نے دنیا بھر میں لاکھوں صارفین کو متاثر کیا۔

دوسری جانب ایمیزون نے اس معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کی بڑی ویب سائٹس اور ایپس کو متاثر کرنے والی بنیادی خامی کو دور کر لیا گیا ہے تاہم کچھ سروسز میں اب بھی مسائل ہیں۔

ایمیزون نے کہا کہ سسٹم کی بحالی کا عمل جاری ہے اور تکنیکی ٹیمیں باقی سروسزکی مکمل فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

Watch Live Public News