(ویب ڈیسک ) واٹس ایپ کے ویب ورژن میں آڈیو اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف کرادیا گیا ہے۔
کمپنی نے واٹس ایپ کے ویب ورژن میں آڈیو اور ویڈیو کالز سپورٹ کو متعارف کردیا ہے۔ صارفین اب ری ایکشنز اور اسکرین شیئرنگ بھی کر سکیں گے جبکہ ایک کالز ٹیب بھی ویب ورژن میں شامل کی گئی ہے جہاں کال ہسٹری کو دیکھا جا سکے گا۔
کمپنی نے بیان میں کہا کہ واٹس ایپ ویب میں کالز کو مکمل اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا اور کسی قسم کی ٹائم لمٹ کا سامنا نہیں ہوگا۔
اس کے علاوہ صارفین اب کسی کال کو ایک سے دوسری ڈیوائس پر بلاتعطل منتقل کرسکیں گے۔جس کا مطلب ہے کہ موبائل ایپ سے واٹس ایپ اور واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ ایپ وغیرہ پر ایسا کیا جاسکےگا۔
کمپنی نے Noise suppression کو بھی کالز کا حصہ بنایا ہے جس سے بیک گراؤنڈ کی آوازوں کو کالز سے خارج کیا جا سکے گا۔
میٹا کے مطابق ویڈیو کال میں صارفین ایچ ڈی کوالٹی کو استعمال کرسکیں گے اور ایسا کال کے آغاز کے ساتھ ہی ہوگا۔
اس حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ ان فیچرز کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور یہ بتدریج تمام صارفین کو دستیاب ہوں گے۔