واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ ایپ میں نیا فیچر، پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر دیکھنا ممکن

واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ ایپ میں نیا فیچر، پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر دیکھنا ممکن
کیپشن: واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ ایپ میں نیا فیچر، پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر دیکھنا ممکن

ویب ڈیسک: میٹا نے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارفین اب پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

کمپنی نے اس مقصد کے لیے اڈوب کے ساتھ شراکت داری کی ہے، جس کے بعد واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ میں اڈوب ایکروبیٹ سپورٹ شامل کر دی گئی ہے۔

اس فیچر کی بدولت صارفین چیٹ کے اندر ہی پی ڈی ایف فائل کھول سکیں گے، جبکہ انہیں ہائی لائٹ، اینوٹیشن (Annotations) اور دیگر بنیادی ایڈیٹنگ سہولیات بھی میسر ہوں گی۔ اس سے قبل پی ڈی ایف فائل دیکھنے کے لیے اسے پہلے ڈیوائس میں ڈاؤن لوڈ کرنا ضروری تھا۔

میٹا کے مطابق یہ فیچر دنیا بھر میں واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ چیٹ کے اندر پی ڈی ایف فائل دیکھنے کے باوجود اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی۔

میٹا نے اس کے علاوہ مزید نئے فیچرز کا بھی اعلان کیا ہے، جن میں آئی پیڈ پر براہِ راست نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے کی سہولت، کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے ری ڈیزائن ایپ، اور واٹس ایپ اسٹیٹس میں مختلف میوزک سروسز سے براہِ راست گانے شیئر کرنے کا فیچر شامل ہیں۔

Watch Live Public News