پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہونے کا امکان

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہونے کا امکان
کیپشن: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہونے کا امکان

ویب ڈیسک: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہونے کا امکان ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دسمبر میں پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا شیڈول واپس لے لیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس کی صدارت جناب سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر نے کی۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سپیشل سیکرٹری، سپیشل سیکرٹری لاء اور دیگر سینیئر آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ پنجاب اسمبلی نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پاس کر دیا ہے۔ جس کی منظوری گورنر پنجاب نے دے دی ہے۔ مذکورہ بالا ایکٹ کے اجراء کے ساتھ ہی پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 منسوخ کر دیا گیا ہے۔ لہذا الیکشن کمیشن نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت جو حلقہ بندی کمیٹیوں، اتھارٹیوں اور حلقہ بندی کے شیڈول کا نوٹیفکیشن کیا تھا اُسے واپس لینا چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کو مراسلہ تحریر کیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء منظور ہوگیا ہے۔ جس میں لوکل گورنمنٹس کا سٹرکچر وغیرہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ لہذا صوبائی حکومت کو تین سے چار ہفتے دیئے جائیں تاکہ وہ حلقہ بندی اور ڈیمار کیشن رولز کی تکمیل کو یقینی بنائے۔

سپیشل سیکرٹری لاء کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کے پاس ہونے کے بعد سابقہ قانون کے مطابق حلقہ بندی کرنا اور الیکشن کیلئے اقدامات اُٹھانا الیکشنز ایکٹ 2017ء کی سیکشن 219 کی خلاف ورزی ہوگی۔ جس میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن مروجہ لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت انتخابات کروائے گا۔

ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 ء کے تحت پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروائے گا۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء کے تحت دیا گیا حلقہ بندی کا شیڈول واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News