الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے دیوالی پر 1400 ہندو خاندانوں میں تحائف کی تقسیم

الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے دیوالی پر 1400 ہندو خاندانوں میں تحائف کی تقسیم

(ویب ڈیسک)الخدمت فاؤنڈیشن نے دیوالی کے موقع پر ملک بھر میں 1400 ہندو خاندانوں میں تحائف تقسیم کیے۔ اس سلسلے میں مظفر گڑھ، بہاولپور، رحیم یار خان، سانگھڑ، گھوٹکی اور تھرپارکر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدور ذکراللہ مجاہد، سید احسان اللہ وقاص اور ہندو برادری سے ڈاکٹر شنکر لال نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق تقریبات کے دوران ہندو خاندانوں میں راشن بیگز، مچھر دانیاں، ہائی جین کٹس اور جوتے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں رہنے والے ہندو محب وطن شہری ہیں اور ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ اقلیتی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونا بین المذاہب ہم آہنگی کا مظہر ہے۔

سید احسان اللہ وقاص نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن معاشرے میں رواداری، احترام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم اب تک 45 ہزار سے زائد خاندانوں میں دیوالی اور کرسمس کے تحائف تقسیم کر چکی ہے۔

ڈاکٹر شنکر لال نے ہندو برادری کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کی انسانیت دوست خدمات کو سراہا۔

Watch Live Public News