اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام خود دیکھ لے کہ ملک میں کون کرپٹ ہے اور کون نہیں،کوئی ایسا وزیر نہیں اس ملک میں جو کرپٹ نہ ہو،جب سے کیس چلے ہیں گیس کی قیمتوں میں واضح اضافہ ہوا ہے،حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مکمل نظام بیٹھ چکا ہے۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معیشت کے حوالے سے تمام دعوے ختم ہوگئے،ملک 2018 کی سطح سے بھی نیچے پہنچ چکا ہے،عوام بےروزگاری اور غربت میں پس رہے ہیں، انتخابی اصلاحات میں الیکشن چوری کوروکنےکالکھاجائے،نام نہاد الیکشن اصلاحات کو پارلیمنٹ کمیٹی میں لائیں ،وہ دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد احتسابی عمل کو چوتھا سال شروع ہو گیا ہے، موجودہ حکومت کا کوئی وزیر نہیں جو کرپٹ نہ ہو، جب سے کیسز چل رہے ہیں پاکستان میں گیس کی قیمت تین گنا ہو گئی ہے، حکومت کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے ملک کا نظام بیٹھ گیا ہے، معیشت سے متعلق جھوٹ بولنے والے اب نہیں رہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک آج بھی 2018 کی سطح سے نیچے ہے، عمران خان نے عوام کے تین سال ضائع کیے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے اپوزیشن پہلے دیکھے گی پھر کوئی فیصلہ کرے گی،آئین میں لکھا جائے کہ جو انتخابات میں مداخلت کرے گا اس پر آرٹیکل 6 نافذ ہوگا،ووٹ کا حق آئین پاکستانی عوام کو دیتا ہے اور کوئی ادارہ اس حق سے شہریوں کو محروم نہیں کر سکتا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کرائے کے مشیر اور وزراء کا کام صرف جھوٹ بولنا ہے،مشیر وزیر تمام جہازوں میں بیٹھ کر آئے ہیں اور حکومت کے جانے کے بعد واپس چلے جائیں گے،دوسری حکومت جو تحفہ دیتی ہے وہ توشہ خانہ میں جمع کروایا جاتا ہے،تحائف ریکارڈ کا حصہ ہوتا ہے اور اس میں کوئی نئی بات نہیں۔