مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کسی بھی سطح پر بات چیت ممکن نہیں: وزیراعظم

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کسی بھی سطح پر بات چیت ممکن نہیں: وزیراعظم
کیپشن: مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کسی بھی سطح پر بات چیت ممکن نہیں: وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کسی بھی سطح پر بات چیت ممکن نہیں۔

لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو سونے اور جواہرات میں بھی تولنا کم ہوگا، کیونکہ ان کا کردار پاکستان کی معاشی اور سیاسی ترقی میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے اس سال 38.5 ارب ڈالر سے زائد پاکستان بھیجے ہیں۔

بھارت سے تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کے بغیر پاک بھارت تعلقات کا قیام ممکن نہیں۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے بغیر تعلقات استوار ہوسکتے ہیں تو وہ غلط فہمی کا شکار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور مسئلہ کشمیر حل ہونے تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جہاں 64 ہزار سے زائد بے گناہ افراد شہید ہو چکے ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں فتح نے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت اور وقار بڑھایا ہے۔

لندن میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی جانب سے اس کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، عطاتارڑ، عون چوہدری، ملک احمد خان اور ساجد تارڑ بھی شریک ہوئے۔

عون چوہدری نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد وزیراعظم کا خطاب سننے آئی، جس سے ان کی پاکستان سے محبت کا بھرپور اظہار ہوا۔ ملک احمد خان نے بتایا کہ وزیراعظم کی 2 دن بعد اقوام متحدہ میں مصروفیات ہیں۔

Watch Live Public News