پاکستان سے میچ سے قبل بھارتی کپتان کا ٹیم کو اہم مشورہ

پاکستان سے میچ سے قبل بھارتی کپتان کا ٹیم کو اہم مشورہ
کیپشن: پاکستان سے میچ سے قبل بھارتی کپتان کا ٹیم کو اہم مشورہ

ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے سُپر فور مرحلے کا دوسرا سنسنی خیز میچ آج دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کا کرکٹ شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہ صرف ٹورنامنٹ میں اہمیت رکھتا ہے بلکہ حالیہ ہینڈ شیک تنازع کے بعد اس کی حساسیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ میچ کے اختتام پر ہاتھ نہ ملانے کے واقعے نے شائقین اور میڈیا میں خاصی بحث چھیڑ دی تھی، جس کے بعد دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں پر اضافی دباؤ محسوس کیا جا رہا ہے۔

اسی دباؤ کو کم کرنے کے لیے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اہم مشورہ دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریا کمار نے میچ سے ایک رات قبل ٹیم میٹنگ میں کہا کہ اگر بھارت کو ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی دکھانی ہے تو کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا سے دور رہنا ہوگا۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث اور تبصرے کھلاڑیوں کی ذہنی یکسوئی کو متاثر کر سکتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ٹیم بیرونی دباؤ سے آزاد رہ کر میدان میں اترے۔

بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت دی ہے کہ میچ سے پہلے رات اپنے کمروں میں آرام کریں اور موبائل فون بند کر کے مکمل نیند لیں تاکہ دماغی طور پر تازہ دم ہو کر میدان میں اتریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ٹیم کو کامیابی حاصل کرنی ہے تو کھلاڑیوں کو اس بات کا فیصلہ خود کرنا ہوگا کہ وہ کیا سننا اور اپنے ذہن میں کیا رکھنا چاہتے ہیں۔ سوریا کمار کے مطابق اچھی پرفارمنس کے لیے اندرونی اعتماد سب سے اہم ہے اور یہی اس بڑے مقابلے میں بھارت کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی میچ کے لیے بھرپور تیاری میں مصروف ہے اور گرین شرٹس کی نگاہیں بھارت کے خلاف  فتح حاصل کرنے پر مرکوز ہیں۔ شائقین کرکٹ دونوں ملکوں کی اس روایتی ٹکر کو ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جہاں جذبات عروج پر اور اعصاب کا امتحان سخت ہونے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News