ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کچرا جمع کرنے کے لیے رنگ دار کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
پہلے مرحلے میں ’’اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘‘ کو پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے تحت، پانچ مختلف رنگوں کے کوڑے دان سرکاری و نجی اسکولوں میں رکھے جائیں گے۔
پنجاب حکومت کے مطابق، سینیئر وزیر ماحولیات اور کلائمٹ چینج مریم اورنگزیب اس منصوبے کی نگرانی کریں گی۔ وزیرِ تعلیم رانا سکندر اور وزیرِ لوکل گورنمنٹ ذیشان ملک کو اس منصوبے کے حوالے سے مخصوص اہداف سونپ دیے گئے ہیں، اور 30 ستمبر تک تمام اسکولوں میں رنگین کوڑے دان نصب کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ یکم اکتوبر سے اسکولوں کا معائنہ شروع ہوگا، اور اگر اسکولوں میں رنگ دار کوڑے دان نہیں ہوں گے تو ان پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
مختلف رنگوں کے کوڑے دانوں میں مختلف قسم کا کچرا جمع کیا جائے گا. پیلے رنگ کے ڈبے میں کاغذ اور ردی, سبز رنگ کے ڈبے میں بوتلیں، کانچ، اور لیبارٹری کا ضائع شدہ سامان سُرمئی (گرے) رنگ میں پھلوں کے چھلکے، کھانے کا ضائع شدہ سامان، اور سبزیاں, لال رنگ کے ڈبے میں دھاتی کچرا جبکہ نارنجی (اورنج) ڈبے میں پلاسٹک کا کچرا جمع کیا جائے گا۔ یہ طریقہ کار کچرے کی مقدار کم کرنے اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کا مقصد کچرے کو دوبارہ قابل استعمال بنانا اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
تعلیمی ادارے کچرے کی منتقلی کے لیے پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن (1139) پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اس منصوبے کے انتظام میں اپنا کردار ادا کرے گا، جب کہ ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) اس کے نفاذ کو یقینی بنائے گا اور اسکولوں کا معائنہ کرے گا۔ معیار پر پورا اترنے والے تعلیمی اداروں کو ای پی اے کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔