عمرگل نے بھارتی بلےبازوں کو قابو کرنے کا آسان طریقہ بتادیا

عمرگل نے بھارتی بلےبازوں کو قابو کرنے کا آسان طریقہ بتادیا
کیپشن: عمرگل نے بھارتی بلےبازوں کو قابو کرنے کا آسان طریقہ بتادیا

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ فاسٹ بولر عمر گل نے بھارتی بلے بازوں کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے لیے سادہ مگر مؤثر حکمتِ عملی بیان کر دی ہے۔

سرکاری ٹی وی کے ایک اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے بھارتی اوپنرز کے کھیلنے کے انداز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا اور خاص طور پر نوجوان بیٹر ابھیشیک شرما اور وکٹ کیپر بیٹر سنجو سیمسن کے لیے باؤلرز کو واضح گائیڈ لائنز دیں۔

عمر گل نے کہا کہ ابھیشیک شرما کی بیٹنگ تکنیک میں ایک نمایاں کمزوری ہے جسے پاکستانی بولرز اپنے حق میں استعمال کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر گیند کو فرنٹ فٹ کے قریب رکھا جائے تو شرما کو پھنسایا جا سکتا ہے کیونکہ وہ فرنٹ فٹ پر کھیلتے ہوئے جلدی فیصلے کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے ان کی ٹائمنگ متاثر ہوتی ہے۔ گل کا کہنا تھا کہ تیز رفتار بولرز کو چاہیے کہ وہ انہیں بار بار فرنٹ فٹ پر آنے پر مجبور کریں تاکہ غلط شاٹس نکل سکیں اور کیچ کے امکانات بڑھیں۔

اسی طرح عمر گل نے سنجو سیمسن کے بارے میں بھی دلچسپ تجزیہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیمسن کی بیٹنگ تکنیک بھی ابھیشیک شرما سے خاصی ملتی جلتی ہے، اس لیے انہیں بھی اسی حکمتِ عملی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔ گل نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بلے باز جو لمبے اسٹروکس کھیلنے کے عادی ہوں انہیں جسم کے قریب اور تیز رفتار باؤنسرز سے مشکل میں ڈالا جا سکتا ہے کیونکہ لانگ ہینڈل والے کھلاڑی اکثر باؤنسر کے خلاف توازن برقرار نہیں رکھ پاتے۔

یہ تجزیہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ٹی20 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک بار پھر ممکنہ طور پر آمنے سامنے ہونے جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ گروپ میچ میں بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے محض 13 گیندوں پر چار چوکوں اور دو شاندار چھکوں کی مدد سے 31 رنز اسکور کیے تھے جبکہ سنجو سیمسن کو اس میچ میں بیٹنگ کا موقع نہیں ملا تھا۔ عمر گل کی یہ تکنیکی تجاویز پاکستانی بولنگ یونٹ کے لیے نہ صرف بھارتی بلے بازوں کے خلاف حکمت عملی بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ شائقین کے لیے بھی اگلے پاک-بھارت مقابلے کی دلچسپی کو دوچند کر رہی ہیں۔

Watch Live Public News