سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے "سیر" کی پہلی الیکٹرک گاڑیاں ’ایگزوبوٹ‘ لانچ کر دی

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے

(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کے قومی آٹو موبائل برانڈ " سیر" (CEER) کی فلیگ شپ الیکٹرک گاڑیوں " ایگزوبوٹ" (EXOBOT) کی سیڈان اور ایس یو وی ماڈلز کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اقدام صنعتی شعبے کے فروغ اور عالمی آٹوموٹو انڈسٹری میں سعودی عرب کے قدم جمانے کی جانب اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سیر کی پہلی گاڑیوں کی لانچنگ ایک پائیدار اور خوشحال صنعتی ماحولیاتی نظام (Industrial Ecosystem) کی تعمیر میں ایک اور بڑی پیش رفت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام سرمایہ کاری کے فروغ، مقامی ٹیلنٹ کو بااختیار بنانے اور نجی شعبے کے کردار کو وسعت دے کر آٹوموٹو سیکٹر کو قومی معیشت کے لیے ایک مضبوط ستون بنائے گا، جس سے سعودی عرب علاقائی اور عالمی سطح پر انڈسٹری کا اہم مرکز بنے گا۔

مشرقِ وسطیٰ کا سب سے بڑا پلانٹ اور ڈیزائن:

ایگزوبوٹ گاڑیاں سیر مینوفیکچرنگ کمپلیکس (CMC) میں تیار کی جائیں گی، جو مشرقِ وسطیٰ کی سب سے بڑی اور تکنیکی لحاظ سے دنیا کی جدید ترین گاڑیوں کی فیکٹریوں میں شمار ہوتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گاڑیوں کا بیرونی و اندرونی ڈیزائن سعودی عرب کے قدرتی مناظر، ثقافت اور وژن سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔ ان گاڑیوں کو بین الاقوامی معیارات کے تحت مقامی سطح پر ہی ڈیزائن اور انجینئر کیا گیا ہے۔

ایگزوبوٹ سیڈان اور ایس یو وی دراصل اس پورٹ فولیو کا حصہ ہیں جس کے تحت " سیر" اگلے 5 سالوں کے دوران مجموعی طور پر 7 مختلف الیکٹرک ماڈلز لانچ کرے گی، جن میں کمپیکٹ اور مڈ سائز گاڑیاں بھی شامل ہوں گی۔

معاشی اثرات اور روزگار:

اندازوں کے مطابق سال 2034 تک " سیر" برانڈ سعودی عرب کی جی ڈی پی میں 8 ارب ڈالر سے زائد کا حصہ ڈالے گا اور ملکی تجارتی توازن کو 21 ارب ڈالر سے زیادہ بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ہزاروں بلاواسطہ اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا کرے گا۔

واضح رہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) نے سال 2022 میں مملکت کے پہلے مقامی الیکٹرک وہیکل برانڈ کے طور پر سیر کی بنیاد رکھی تھی۔

Watch Live Public News