(ویب ڈیسک) ایک دہائی سے زائد طویل انتظار کے بعد راک اسٹار گیمزکی شاہکار گیم 'گرینڈ تھیفٹ آٹو 6' (GTA 6) نے باضابطہ ریلیز سے چار روز قبل ہی پری آرڈرز میں 1 ارب امریکی ڈالر کی تاریخی حد عبور کر کے گیمنگ اور تفریحی صنعت کے تمام سابقہ ریکارڈ پاش پاش کر دیے ہیں۔
گیمنگ جریدے 'پولیگون' (Polygon) اور اینالیٹکس فرم 'سینسر ٹاور' (Sensor Tower) کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں ۔
ریلیز سے قبل ایک ارب ڈالر کی کمائی اور فروخت کے ریکارڈ:
تھرڈ پارٹی ڈیٹا کے مطابق اسٹورز پر باقاعدہ دستیابی سے قبل ہی GTA 6 کے پری آرڈرز 1 کروڑ سے 1 کروڑ 20 لاکھ کاپیوں تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ 77 لاکھ سے زائد صارفین اب تک گیم خرید چکے ہیں۔
سینسر ٹاور کے تجزیے کے مطابق ریلیز سے قبل یہ غیر معمولی اعداد و شمار GTA 6 کو انسانی تاریخ کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ لانچ بنانے کی راہ پر گامزن کر چکے ہیں (تاہم کمپنی کی جانب سے تاحال باضابطہ اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے)۔
99 ڈالر والے 'الٹیمیٹ ایڈیشن' کی ریکارڈ مانگ:
دلچسپ امر یہ ہے کہ گیمرز کی بڑی تعداد نے سادہ یا اسٹینڈرڈ ورژن کو نظر انداز کرتے ہوئے مہنگے بنڈلز کا انتخاب کیا ہے، اور 99 ڈالر مالیت کا الٹیمیٹ ایڈیشن (Ultimate Edition) بنیادی گیم کے مقابلے میں کہیں زیادہ فروخت ہو رہا ہے۔
پلے اسٹیشن 5 بمقابلہ ایکس باکس (PS5 vs Xbox):
پلیٹ فارم کے لحاظ سے سونی کے پلے اسٹیشن 5 (PlayStation 5) صارفین سب سے آگے ہیں، جن کا مجموعی پری آرڈرز میں حصہ تقریباً 75 فیصد ہے، جبکہ باقی 25 فیصد ایڈوانس خریداری ایکس باکس سیریز X|S صارفین کی جانب سے کی گئی ہے۔
13 سال بعد ' وائس سٹی' میں واپسی اور ریلیز کی تاریخ:
GTA 6 جمعرات 19 نومبر 2026 کو پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز X|S کے لیے عالمی سطح پر ریلیز کی جا رہی ہے۔
یہ گیم 'GTA V' کی ریلیز کے 13 سال بعد سامنے آ رہی ہے، جو اب تک تقریباً 23 کروڑ کاپیوں کی فروخت کے ساتھ تاریخ کی دوسری سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم ہے۔
راک اسٹار گیمز نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کو لیونیڈا (Leonida) کی وسیع ریاست اور جدید دور کی وائس سٹی (Vice City) کا تجربہ کرتے دیکھنے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔