ویب ڈیسک: پاکستان نے مدینہ منورہ میں بجلی کے شہری انفراسٹرکچر پر مبینہ حوثی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 29 ستمبر کو طیبہ بجلی تقسیم کار اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، جو مسجد نبوی ﷺ کو بھی بجلی فراہم کرتا ہے۔ پاکستان نے مقدس مقامات سے منسلک شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے حرمین شریفین کے تقدس اور زائرین کی سلامتی یقینی بنانے پر زور دیا۔
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی کے مطابق ڈرون حملے سے ایک ٹرانسفارمر متاثر ہوا، تاہم مجموعی طور پر بجلی کی فراہمی معطل نہیں ہوئی اور مسجد نبوی ﷺ کو متبادل نظام کے ذریعے بجلی فراہم کی گئی۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کے ملبے کے تکنیکی جائزے سے حملے میں حوثیوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی۔
پاکستان نے حملوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب حوثیوں نے سعودی الزام مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔