ایرانی صدر کی وزیراعظم سے ملاقات،دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق

ایرانی صدر کی وزیراعظم سے ملاقات،دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق
کیپشن: ایرانی صدر کی وزیراعظم سے ملاقات،دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق

ویب ڈیسک: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بعد آپ پہلے سربراہِ مملکت ہیں جو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔

دونوں رہنماؤں کی ایران پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

قبل ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور ایرانی صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

  وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے وفاقی کابینہ کے اراکین کا تعارف کروایا جس کے بعد ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں ارتھ ڈے کی مناسب سے پودا بھی لگایا اور دعا کی۔

پاکستان آمد

  ایرانی صدر کے ہمراہ اہلیہ اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے، وفد میں ایرانی وزیر خارجہ، کابینہ کے دیگر ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی شامل ہیں۔

پاکستان پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے کیا۔

ملاقاتیں شیڈول

ترجمان دفترخارجہ  کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آج ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی، انہوں نے تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کوششوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ترجمان دفترخارجہ  کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ  ملاقات کے دوران علاقائی چیلنجوں کے حل کے لیے امن اور تعمیری بات چیت کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستانی ہم منصب صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی صدر چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملیں گے جبکہ لاہور اور کراچی کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق ‎ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، عوام سے عوام سمیت باہمی رابطوں، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔

ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے علاوہ دہشتگردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ایرانی صدر کا پاکستان کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

سکیورٹی پلان

صدر ابراہیم رئیسی کی پاکستان آمد کے موقع پر خصوصی سکیورٹی پلان مرتب دیا گیا ہے، اس سے پہلے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں سکیورٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا تھا۔