تحریک انصاف ختم ہوچکی،فساد پارٹی ختم ہورہی ہے،عظمیٰ بخاری

تحریک انصاف ختم ہوچکی،فساد پارٹی ختم ہورہی ہے،عظمیٰ بخاری
کیپشن: Tehreek-e-Insaf is over, Fasad party is over, Uzma Bukhari

ویب ڈیسک: ن لیگ کی سینئر رہنما عظمیٰ بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اب ختم ہوچکی ہے اور تحریک فساد پارٹی ختم ہوتی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل پاکستان اور پنجاب کی عوام نے ثابت کیا ہے کہ ان کو انتشار ، فساد کا ایجنڈا نہیں چاہیے۔ جو سیاسی جماعت کام کرے عوام ان کو ووٹ دیتی ہے۔ 

کہا گیا ضمنی انتخابات حکومتیں جیت جاتی ہیں مگر بانی پی ٹی آئی جب حکومت میں تھے تو ضمنی الیکشن ہار گئے تھے۔ کل کے رزلٹ پر یہ کہنا کہ حکومتیں جیت جاتی ہیں یہ ٹھیک نہیں ہے۔ حمزہ شہباز کی حکومت میں ضمنی الیکشن ن لیگ ہاری تھی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ڈیڑھ دو ماہ کی حکومت میں عوام نے کام کرتے دیکھا تو ضمنی انتخابات میں عوام کا فیصلہ کلیئر تھا۔ مریم نواز کی یہ حکومت پنجاب کی عوام کے لئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ بزدار ماڈل نے پنجاب کو بے تحاشا نقصان پہنچایا ہے۔ 

صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اپنی دو ماہ کی حکومت کے بعد ضمنی الیکشن ہار جائے تو وہ مقبولیت کا پیمانا نہیں ہوتا۔ یہ لوگ حکومت میں تھے تب بھی روتے تھے۔ آج حکومت سے باہر ہیں تب بھی روتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف ہوں یا وزیر اعلیٰ مریم نواز پاکستان اور پنجاب کی عوام کے لئے کام کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام نے وہ بھی سٹوری دیکھ لی کہ بشریٰ بی بی کو ہارپک دیا، مگر محترمہ کو گیسٹرک کا مسئلہ تھا۔ پنجاب کی عوام شہروں کو آگ لگانا پسند نہیں کرتے۔ ہمارے بچوں کے پاس مفت موٹرسائیکلیں ہونی چاہئیں۔ مجھے فخر ہے پنجاب کی عوام نے درست فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف تو اب ختم ہوچکی ہے تحریک فساد پارٹی اب ختم ہوتی جارہی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ آج گندم پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایک میٹنگ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب جلد کسانوں کے حوالے سے ایک جامع پلان دے گی۔ مولانا فضل الرحمان کے جلسوں نے کبھی فساد برپا نہیں کیا ہم ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی کو اسپین میں بیٹھ کر دھاندلی نظر آرہی ہے اپنا باپ سڑتا ہوا اڈیالہ جیل میں نظر نہیں آرہے۔ ان کے والد صاحب پر بہت کیسز ہیں۔ ان کا ان کو جواب دینا ہے۔ مونس الٰہی پیسے بھر بھر کے باہر لے کر گئے ہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت این آر او مانگ رہی ہے لیکن ان کو این آر او ملے گا نہیں۔