ویب ڈیسک: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر جلد سماعت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس حوالے سے اہم حکم جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کے دوران ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل سے اپیلوں کی فکسنگ سے متعلق پالیسی طلب کر لی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ جلد سماعت کی درخواست پر فیصلہ کرنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ اپیلیں کس طریقہ کار کے تحت مقرر کی جاتی ہیں۔
عدالت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل اپیلوں کے شیڈول اور کیس فکسنگ سے متعلق جامع رپورٹ عدالت میں پیش کریں، تاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر بروقت فیصلہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جلد سماعت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کی اپیلیں طویل عرصے سے زیر التوا ہیں اور فوری سماعت کی ضرورت ہے۔
یہ کیس 190 ملین پاؤنڈ کی مبینہ غیر قانونی منتقلی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام سے متعلق ہے، جو پاکستان کی سیاسی اور عدالتی تاریخ کا ایک اہم مقدمہ تصور کیا جا رہا ہے۔