ویب ڈیسک: ویٹی کن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیاہے کہ پوپ فرانسس کی آخری رسومات 26 اپریل ہفتے کو ادا کی جائیں گی۔ پوپ فرانسس کی آخری رسومات سینٹ پیٹرز بیسیلیکا کے سامنے ادا کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق پوپ فرانسس کی آخری رسومات میں کالج آف کارڈینلز کے ڈین جیوانی بٹیسٹا ری دعائیہ تقریب کی قیادت کریں گے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پوپ کا تابوت آخری دیدار کیلئے رکھا جائے گا۔
پوپ فرانسس کی تدفین:
پوپ فرانسس کی تدفین روم کے سینٹ میری میجر میں کی جائے گی۔ آنجہانی پوپ کی میت اس وقت ویٹی کن کے سانتا مارٹا میں ان کی رہائش گاہ پر رکھی گئی ہے۔
آنجہانی پوپ کا اپارٹمنٹ سیل:
ویٹی کن سٹی کے اعلامیے کے مطابق پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد ان کے اپارٹمنٹ کو سرخ ربن اور موم سے سیل کر دیا گیا ہے۔یہ روایت ہر پوپ کے انتقال کے بعد انجام دی جاتی ہے۔اس اہم مرحلے کی نگرانی کیمرلنگو، کارڈینل کیون فیریل نے کی۔
نئے پوپ کیلئے 5 ممکنہ نام منظرعام پر آگئے:
پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد نئے پوپ کیلئے 5 ممکنہ نام منظرعام پر آ گئے۔نئے پوپ کے ممکنہ امیدواروں میں اٹلی کے کارڈینل پیٹرو پیرولن، گھانا کے کارڈینل پیٹر ٹرکسن، فلپائن کے کارڈینل لوئس انتونیو ٹیگل شامل ہیں جبکہ ہنگری کے کارڈینل پیٹر ایرڈو، یوکرین کے کارڈینل میکولابیچوک کے ناموں پر بھی غور کا امکان ہے۔