ویب ڈیسک: ایرانی حکومت نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق 8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔ یاد رہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جولائی کے پہلے ہفتے میں ایران کا دورہ کریں گے، جہاں وہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ دورۂ ایران کے بعد وزیراعظم ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔
ادھر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بھی آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت متوقع ہے۔
دریں اثنا ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں انہیں آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔