ویب ڈیسک: حالیہ عرصے میں دہشت گردی کے واقعات میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ پنجاب کے شہراٹک میں نامعلوم افراد کی اسکول وین پر فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ نامعلوم افراد نے اسکول وین پر فائرنگ کردی، فائرنگ کی زد میں آکر 2 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں اسکول وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا، تمام بچوں کی عمریں10سے 12 سال ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ٹیم نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی جبکہ علاقے کی ناکہ بندی بھی کردی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
صدرمملکت کا نوٹس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٹک میں سکول وین پر فائرنگ کے واقعہ کی پُرزور مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اور شرمناک فعل ہے۔ ذمےداران کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے۔
صدر مملکت نے جانبحق بچوں کے ایصال ثواب، زخمی بچوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نوٹس
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔
مریم نواز نے فائرنگ سے 2 طالبات کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کردی۔
بلاول بھٹوزرداری کی شدید مذمت
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اٹک میں اسکول وین پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ معصوم جانوں کی شہادت کی خبر سن کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ طلبہ کے خون سے ہاتھ رنگنے والے درندے ہیں، فوری گرفتار کیے جائیں۔ مجھ سمیت پورا پاکستان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔ امید ہے، زخمی بچوں اور گاڑی کے ڈرائیور کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب کا نوٹس
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او اٹک کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او اٹک نے فوری طور پر پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کروا دیا۔
ڈی پی او اٹک سردار غیاث گل کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بنا پر وین ڈرائیور پر حملہ کیا جس کی زد میں آکر 2 طالبات جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت 5 طالب علم زخمی ہوئے جبکہ پولیس فرانزک ٹیم موقع پر موجود ہے اور واقعے کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او راولپنڈی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی مذمت
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اٹک کے علاقے ڈھیری کوٹ میں اسکول وین پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
گورنر پنجاب نے اسکول وین فائرنگ واقعے میں 2 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول وین پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔
سردار سلیم حیدر نے فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور ساتھ ہی زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔