اعظم سواتی کس کے کہنے پر عمران خان سے ملے،جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا،علیمہ خان

اعظم سواتی کس کے کہنے پر عمران خان سے ملے،جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا،علیمہ خان
کیپشن: اعظم سواتی کس کے کہنے پر عمران خان سے ملے،جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا،علیمہ خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ منسوخ ہونے کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے چلے گئے، انہوں نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جسلہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا۔

علیمہ خان نے سوال اٹھایا کہ صبح ساڑھے 7 بجے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیسے ممکن ہوسکتی ہے، کسی کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں میں کارکنان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا، موجودہ لیڈرشپ کا بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا ارادہ ہی نہیں ہے، پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے، اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا، یہ فیصلے خود کرتے ہیں اور نام بانی پی ٹی آئی کا لگا دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے آج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا جائے۔

Watch Live Public News