ویب ڈیسک: ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کی نازیباویڈیو وائرل کیس میں مرکزی ملزمہ دانیا شاہ نے بریت کی درخواست دائر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ڈاکٹر عامر لیاقت نازیبا وائرل ویڈیوز کیس میں ملزمہ دانیا شاہ کو پیش کیا گیا۔ دانیہ شاہ کے وکیل ایڈوکیٹ لیاقت گبول نے عدالت میں بریت کی درخواست دائر کردی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جائیداد کے تنازع کی وجہ سے جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔ درخواست گزار نے نا کوئی نازیبا ویڈیوز ریکارڈ کی اور نا ہی کسی سے شیئر کی۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے درخواست گزار کے موبائل سے کوئی ویڈیو برآمد نہیں کی۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے درخواست گزار کو اجازت لیے بغیر لودھراں سے "اغواء" کیا۔ کوئی سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی موجود نہیں ہے۔ مقدمہ کا کوئی چشم دید گواہ نہیں ہے۔ ملزمہ کا سوشل میڈیا پر کوئی ایسا اکاؤنٹ نہیں جہاں ویڈیو اپلوڈ کی ہو۔ مقدمہ پانچ ماہ کی تاخیر سے درج کیا گیا۔ مدعی نے درخواست گزار کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان تمام دلائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمہ دانیہ شاہ کو اس مقدمہ سے بری کیا جائے۔