کراچی سمیت ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

کراچی سمیت ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: کراچی سمیت ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کا ایک اور سلسلہ 27 اگست سے 30 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے سندھ سمیت متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 23 سے 25 اگست کے دوران کراچی میں بارش متوقع ہے جبکہ اندرون سندھ کے کئی اضلاع جن میں سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، دادو، جیکب آباد اور جامشورو شامل ہیں، وہاں بھی بارش برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ان اضلاع میں بھکر، لیہ، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان شامل ہیں جہاں 23 سے 25 اگست کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ محکمے کے مطابق آج کراچی میں ہلکی بارش کے بعد بارش کا موجودہ سسٹم شہر سے نکل جائے گا، تاہم نئے سلسلے کے باعث شہریوں کو مزید بارش کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد نکاسی آب کے مسائل ابھی تک مکمل طور پر حل نہیں ہو سکے۔ شہری انتظامیہ کے دعوؤں کے باوجود کئی مقامات پر اب بھی پانی جمع ہے۔ بیشتر مرکزی شاہراہوں سے بارش کا پانی نکال دیا گیا ہے تاہم کچھ علاقوں میں صورتحال بدستور خراب ہے۔

شہر کے مصروف ترین علاقے صدر پیپر مارکیٹ سے اب تک بارش کا پانی نہیں نکالا جا سکا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ اسی طرح یونیورسٹی روڈ کے کئی حصوں اور تین ہٹی سے گرومندر جانے والی سڑک پر بھی بارش کا پانی کھڑا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران شہریوں کو زیادہ مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Watch Live Public News